بنگلور23/اکتوبر (ایس او نیوز) آئی ایم اے میں کڑوڑوں کا گھوٹالہ ہونے کے بعد ہزاروں لوگوں کی رقومات ڈوبنے سے جس طرح بہت سارے لوگ متاثر ہوئےہیں، اُسی طرح کئی خاندان راستوں پر بھی آگئے ہیں ایسے تمام لوگوں کو ہرممکن تعاون فراہم کرنے اور ا قانونی طورپر لڑائی لڑتےہوئے اُن کی رقومات واپس لوٹانےکی ہرممکن کوشش کرنے ہم نے آئی ایم اےڈیپوزیٹرس ویلفئیر اسوسی ایشن کے نام سے کمیٹی قائم کی ہے اور ہائی کورٹ کے سنئیر وُکلاء سمیت اے پی سی آر کی مکمل رہنمائی ہمیں حاصل ہے۔ اس بات کی جانکاری آئی ایم اے ڈیپوزیٹرس ویلفئیر اسوسی ایشن کےجنرل سکریٹری جناب محمد سلیم نے دی۔
اخبارنویسوں سے گفتگو کرتےہوئے انہوں نے متاثرین سے اپیل کی کہ آئی ایم اے کی رقومات واپس دلانے کے نام پرکوئی بھی گمراہ کرسکتا ہے، عوام ایسے لوگوں کے پاس نہ جائیں اور مزید دھوکہ نہ کھائیں، ہماری اسوسی ایشن متاثرین کی ہرممکن مدد کرنے کے لئے تیار ہے اور ہم نے قانونی لڑائی لڑنے کے لئے اسوسی ایشن کو سوسائٹی ایکٹ کے تحت رجسٹرڈ بھی کرلیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رجسٹریشن کے بعد دیگر کاغذی کاروائی جاری ہے، ساتھ ساتھ متاثرین کو کمیٹی کے ممبرس بنانے کے لئے ممبرشپ فارم بھی ترتیب دیا جارہا ہے۔
آئی ایم اے کی پونزی اسکیم میں دھوکہ کھانے والے متاثرین معمولی فیس کے ساتھ متعلقہ فارم بھر کراس کے ممبرس بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے بھی آئی ایم اے میں اپنا سرمایہ لگا کر دھوکہ کھایا ہے، وہ سبھی لوگ اس اسوسی ایشن کے ممبر بن سکتے ہیں، نہ صرف کرناٹک، بلکہ دیگر ریاستوں کے ساتھ ساتھ گلف میں رہنے والے کافی لوگوں نے بھی اس کمپنی میں اپنی گاڑھی کمائی لگائی ہے، انہوں نے توقع ظاہر کی کہ اگرسبھی لوگ مل کر متحدہ طور پر اس اسوسی ایشن کےذریعے کوشش کریں گے تو کامیابی یقینی ہے۔
محمد سلیم کے مطابق کمیٹی ترتیب دئے جانے کے بعد ہزاروں لوگوں نے رابطہ کیا ہے مگر کاغذی کاروائی مکمل ہونے کے بعد ممبرشپ کی کاروائی شروع کی جائے گی۔ ہائی کورٹ کےمعروف وکیل ایڈوکیٹ بی ٹی وینکٹیش، ایڈوکیٹ پی عثمان، ایڈوکیٹ محمد نیاز سمیت اے پی سی آر اور دیگر ادارے بھی متاثرین کی مدد کرنے ہمارے ساتھ تعاون کررہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس تعلق سے اُردو اخبارات کے ذریعے وقتاً فوقتاً جانکاری دی جاتی رہے گی اور عوام کومکمل کاروائیوں سےآگاہ کیا جاتا رہے گا۔ مزید تفصیلات کے لئے اسوسی ایشن کے جوائنٹ سکریٹری جناب سفیر آصف صاحب سے موبائل نمبر : 9844578102 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔